ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مولانامحمودمدنی نے راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی

مولانامحمودمدنی نے راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی

Fri, 06 Apr 2018 16:35:59    S.O. News Service

نئی دہلی5اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جمعۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں تنظیم کے ایک وفد نے آج وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ان کے دفتر پر ملاقا ت کی ۔واضح ہوکہ اس سے قبل محمودمدنی نے مودی سے بھی ایک وفدکے ساتھ ملاقات کی تھی،لیکن حالات جوں کے توں رہے،گذشتہ ماہ انہوں نے مودی کے ساتھ اسٹیج شیئرکیاتھا۔اس سے قبل عیدملن تقریب میں بھی انہوں نے راج ناتھ سنگھ کوبلایاتھا اور کشمیرپربات کرنے کادعویٰ کیاجارہاتھا،لیکن اب تک سمجھ میں نہیں آسکاہے کہ یہ ملاقاتیں کیوں ہوتی ہیں۔یہ بھی واضح رہے کہ مولانامحمودمدنی پرسفرگھوٹالے کابھی الزام ہے۔اس موقع پر مولانا مدنی نے فرقہ وارانہ فسادات کے پے درپے ہو رہے واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا ۔مولانا مدنی نے وزیر داخلہ سے کہا کہ حال میں رام نومی تہوار کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں بالخصوص بہار، مغربی بنگال اور دہلی میں فرقہ وارانہ تشد دکے واقعات اور کھلے بندے مساجد اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی نے ملک کے امن و انصاف پسند عوام کو گہری فکر اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔یہ واقعات اس امر کے متقاضی ہیں کہ شرپسند عناصر کے خلاف اعلی سطح پر کارروائی جائے اور معصوم شہریوں اورکمزور طبقات پر ہور ہے حملے کو روکنے کے لیے خصوصی اقدام ہو ۔مولانا مدنی نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی سرکار اور انتظامیہ کو بارہا توجہ دلائی ہے جس کے بعد ہمیں یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ سرکار اس طرح کے معاملات سے سختی سے نمٹے گی اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر موثر اقدام کرے گی ۔مگریہ یقین دہانیاں بے سود ثابت ہوئیں ۔ اس لیے جمعےۃ علماء یہ چاہتی ہے کہ سرکار فرقہ وارانہ تشدد کے پھیلاؤ کی بنیاد کو ختم کرے اور اس سلسلے میں سب سے موثر طریقہ یہ ہے کہ ایسے ضلعی حکام اور قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو مسلسل امن وامان سے متعلق اپنی ذمہ داریوں میں ناکام ہورہی ہیں۔مولانا مدنی نے کہا کہ آ پ کے پاس ایک بار پھراس امید سے آئے ہیں کہ بدسے بدتر ہورہی فرقہ وارانہ صورت حال کا فوری ازالہ ہو ۔ میرا ماننا ہے کہ کوئی بھی مہذب سماج ،اقلیتوں اور کمزور طبقات کو غنڈو ں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا۔مولانامحمودمدنی نے کہاہے کہ قانون کی نگاہ میں ہر شہری برابر ہے،لہذا کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا کسی کوقانون سے اوپر اٹھ کر احساس برتری اور دوسروں کو احساس کمتری میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ہم پوری امید کرتے ہیں کہ حکومت ہمارے احساسات کو سمجھتے ہوئے کمزور اور مظلوم طبقات کے مسائل کا حل نکالے گی اور فوری طور پر امن و امان اور اعتماد کی فضا بحال کرنے کی کوشش کرے گی۔واضح ہوکہ اسی طرح سنجیدگی کے ساتھ احساسات کوسمجھنے کادعویٰ مودی سے ملاقات کے دوران بھی کیاگیاتھا۔ مولانامحمود مدنی نے بتایاہے کہ ہماری باتوں کو وزیر داخلہ نے بہت ہی سنجیدگی کے ساتھ سنا اور کہا کہ وہ ان حالات کو درست کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔جمعےۃ علماء ہند کے وفد میں مولانا مدنی کے علاوہ مولانا نیاز احمد فاروقی رکن مجلس عاملہ جمعےۃ علماء ہند ، شکیل احمد سید رکن مجلس عاملہ جمعےۃ علماء ہنداور مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند وغیرہ موجودتھے۔


Share: